انکولہ 27/ اگست (ایس او نیوز) انکولہ کے الگیری میں مجوزہ شہری ہوائی اڈہ کی تعمیر کی سمت میں اب ایک قدم اور آگے بڑھاتے ہوئے مطلوبہ زمین کو تحویل میں لینے کے لئے سرکار کی طرف سے ہری جھنڈی دکھا دی گئی ہے ۔
حکومت کی طرف سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق ہندوستانی بحریہ کے ساتھ اشتراک سے تعمیر ہونے والے شہری ہوائی اڈہ کے لئے بیلے کیری، الگیری اور بھاوی کٹے کے شہریوں کی 87 ایکڑ 14 گُنٹہ زمین تحویل میں لی جائے گی ۔
یاد رہے کہ شہری ہوائی اڈہ کی تعمیر اور لوگوں کی زمینیں تحویل میں لینے کی مخالفت کرتے ہوئے یہاں کے عوام نے احتجاج کیا تھا ۔ عوام نے ضلع انتظامیہ سے یہ مطالبہ بھی کیا تھا کہ اگر زمینیں تحویل میں لینا ہی ہے تو پھر بے گھر ہونے والوں کو باز آبادکاری کے لئے قریب میں متبادل زمینیں دی جائیں ۔ ضلع انتظامیہ نے عوامی اجلاس منعقد کرکے لوگوں کے مسائل اور مطالبات پر مبنی رپورٹ حکومت کو پیش کر دی تھی ۔
اب محکمہ ریوینیو حکومت کرناٹکا کے انڈر سیکریٹری نے نوٹیفکیشن جاری کرتے ہوئے تحویل اراضی قانون 2013 کی دفعہ 19(1) اور 19(2) کے تحت نجی زمینیں ہوائی اڈہ کی تعمیر کے لئے سرکاری تحویل میں لینے کی اجازت دے دی ہے۔ اس پس منظر میں ڈپٹی کمشنر مولئی موہئلن نے بتایا کہ ہوائی اڈہ کی تعمیر کے سلسلے میں سرکار کی طرف سے قطعی فیصلہ ہوگیا ہے ۔ میمورنڈم آف انڈر اسٹانڈنگ کا کام بھی پورا ہورہا ہے ۔ اس کے بعد تعمیراتی کام شروع ہوجائے گا ۔
مجوزہ ہوائی اڈہ کی تعمیر میں ہورہی اس پیش رفت کے بعد سمجھا جاتا ہے کہ ضلع شمالی کینرا میں شہری ہوائی اڈہ کی تعمیر کا دیرینہ خواب جلد ہی پورا ہوجائے گا ۔